کراچی:سینئر صحافی نصراللہ چوہدری کی غیر قانونی حراست پر صحافی برادری کا احتجاج
کراچی ( فاطمہ کنول سے ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے ممبر کراچی پریس کلب اور سینئر صحافی نصر اللہ خان کے گھر پر سرکاری اہلکاروں کے چھاپے اور غیر قانونی حراست پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور گورنر سندھ،وزیراعلی سندھ،کورکمانڈر کراچی،ڈی جی رینجرزسندھ،اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کو ہراساں کرنے اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر صحافی برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر نکلنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔سینئر صحافی نصراللہ چوہدری کی غیر قانونی حراست کے واقعے پر پی ایف یو جے دستور کے سیکریڑی جنرل سہیل افضل خان کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، سیکریٹری مقصود یوسفی،پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل شعیب احمد، سیکریٹری کے یو جے حامد الرحمن ،نائب صدر کے یوجے خلیل ناصر،سیکریٹری ویجلنس کمیٹی کراچی پریس کلب ثاقب صغیر،سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب عامر لطیف،ممبر ایف ای سی محمد رضوان بھٹی، سابق سیکریٹری کے یو جے محمد ریاض ساگر اور جوائنٹ سیکریٹری کے پی سی نعمت خان نے شرکت کی۔اجلاس میں نصر اللہ چوہدری کی غیر قانونی حراست کے شرمناک واقعے پرشدید تشویس کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پرحملہ قرار دیا گیا۔اجلاس نے واضح کیا ہے نصر اللہ خان کی غیر قانونی حراست گزشتہ دنوں پریس کلب پر سرکاری اہلکاروں کے دھاوے کے خلاف ملک گیر احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کڑی ہے۔ دو دن قبل کراچی پریس کلب پر مسلح سرکاری اہلکاروں کے دھاوے اور پریس کلب کے تقدس کو پامال کرنے کے شرمناک واقعے پر احتجاج کرنے کرنے والے صحافیوں ہراساں کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔اجلاس نے مطالبہ کیا ہے نصر اللہ خان کو فی الفور رہا کیا جائے، سرکاری ادارے اپنی پوزیشن کو واضح کریں اور ریاست کے چوتھے ستون میڈیا پرقدغن لگانے اورآزادی صحافت کو یرغمال بنانے کی کوششوں کو فی الفور ترک کیا جائے۔
0 Comments: