واہ کینٹ ( آصف شاہ سے ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اگر میرا مشورہ مانا جاتا تو آج ملک میں (ن) لیگ کی حکومت ہوتی۔
چوہدری نثار علی خان نے واہ کینٹ میں ملک سعید نواز کے گھر پر اپنے حلقہ احباب کے ساتھ ملاقات کی ۔اس موقع پر انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اپنے سیاسی کیریئر کے حوالے سے بات چیت کی۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں (ن) لیگ چھوڑ چکا ہوں اور میاں نواز شریف کو آج کے حالات سے بچانا چاہتا تھا، اگر میرا مشورہ مانا جاتا تو آج (ن) کی حکومت ہوتی اور وزیر اعظم نواز شریف نہ ہوتے تو شہباز شریف ہوتے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ لوگوں کو مجھ سے سوال کرنا چاہئے تھا کہ عام انتخابات میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیکر جیتنے والے ضمنی الیکشن میں حکومت ہونے کے باوجود کیوں صرف 64 ہزار ووٹ حاصل کر سکے، میں صوبائی سیٹ پر 34 ہزار سے زائد کی برتری سے جیتا ہوں جب کہ قومی اسمبلی کے رزلٹ حیران کن تھے۔
چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ آج گالم گلوچ کا دوسرا نام سیاست ہو گیا ہے اور سیاست میں کردار کی شفافیت انتہائی ضروری ہے، میں اقتدار کے چکر میں کبھی نہیں رہا۔ میں نے اپنے ضمیر کے مطابق 35 سال خدمت کی سیاست کی ہے، سیاست کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔
0 Comments: